ہبلی ، 17؍ فروری (ایس او نیوز) ریاست کے کئی علاقوں میں حجاب تنازعہ کو لے کرکشیدگی بڑھتی جارہی ہے۔ ایسے میں، ہبلی کے ایس جے ایم وی ویمن کالج میں حجاب کو لے کر تنازعہ اتنا بڑھا کہ بالاخر مینجمنٹ کو کالج ہی بند کرنے کا فیصلہ لینا پڑا ہے۔
خبروں کے مطابق، ہبلی کے ایس جے ایم وی وویمن کالج میں مسلم طالبات، حجاب اور برقع پہن کر پہنچی تھیں، جب کالج انتظامیہ نے انہیں ہائی کورٹ کے عبوری حکم کا حوالہ دیے کر اُنہیں حجاب اُتارنے کے لئے کہا، مگر طالبات نے حجاب اتارنے سے واضح طور پر انکار کردیا۔ انتظامیہ نے کافی دیر تک طالبات کو سمجھانے کی کوشش کی اور جب پایا کہ طالبات ماننے کے لئے راضی نہیں ہیں تو پھر کالج انتظامیہ نے کالج میں چھٹی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں داخلہ تو ضوابط کے مطابق ہی ہوگا۔ دوسری جانب طالبات کا کہنا ہے کہ ہم برقع تو ہٹا سکتے ہیں، لیکن حجاب نہیں ہٹائیں گی۔ طالبات کی ضد پر کالج انتظامیہ نے کالج میں چھٹی کا اعلان کردیا۔
کالج کے انتظامی افسر لنگ راج انگاڑی نے کہا کہ سبھی طالبات کو اسکولوں اور کالجوں میں ڈریس کوڈ پر عمل کرنا ہوگا، اس کے لئے ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے اور اس پر مکمل طور پر عمل کیا جانا ہے۔ اس درمیان کرناٹک ہائی کورٹ میں حجاب تنازعہ پر پھر سے سماعت ہونے جا رہی ہے۔ اس معاملے میں طالبات کی پیروی کرنے والے وکیل نے کہا تھا کہ حجاب اسلام کا حصہ ہے اور پی یو کالجوں میں یونیفارم کا کوئی قانون ہی نہیں ہے، اس کے باوجود طالبات کو حجاب پہن کر کالج جانے سے روکا جارہا ہے۔